Sirat-ul-Nabi ﷺ conference 2023, organized by King Edward Medical University Lahore

کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کا اہتمام کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے ملحقہ کالج آف آفتھلمالوجی اینڈ آلائیڈ ویژن سائنسز کی جانب سے کیا گیا جس میں مولانا عبدالخبیر آزاد چئیرمین روئیت ہلال کمیٹی خطیب بادشاہی مسجد لاہور نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اس موقع پر وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ پروفیسر عمران اکرم صحاف، پرنسپل کالج آف آفتھلمالوجی پروفیسر محمد معین، پرنسپل رہبر میڈیکل کالج پروفیسر زاہد کمال صدیقی، پروفیسر سید رضا علی شاہ، پروفیسر سردار علی ایاز صادق، ڈاکٹر ناصر چوہدری، ڈاکٹر فواد کریم اور دیگر فیکلٹی ممبران طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبولﷺ سے ہوا۔
وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پروفیسر محمد معین کو کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ
آج کے دن کی مناسبت سے ہم سب کے لئے پیغام ہے کہ حقوق العباد کا خیال رکھیں اور اپنی زندگیوں میں اسلامی اقدار کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہﷺ سے اس دنیا میں جتنا عشق اور محبت ہو گی اتنا ہی آخرت کی زندگی آسان ہوگی۔
ہمیں حضور پاکﷺ کی سیرت کی روشنی میں خوف خدا، نیت کا اخلاص اور پاکیزہ دل جیسے اصولوں کو اپناتے ہوئے اپنی کردار سازی پر توجہ دینی چاہیے۔
نوجوان نسل کو مسلمانوں کی تاریخ اور اسلامی انقلاب کے پہلوؤں سے روشناس ہونا چاہیے۔ بطور ڈاکٹر ہم سب پر لازم ہے کہ ہم کسی مریض کے علاج کے ساتھ ضرورت مند کی مدد بھی کریں کیونکہ کسی سائل کا چل کر آپ کے پاس آنا یہ اللہ تعالٰی کا آپ پر کرم ہے کہ آپ اس قابل ہیں کہ کسی دکھی انسان کے کام آ سکیں،کسی دردمند کے زخموں پر مرہم رکھنا ہی اصل زندگی ہے
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد ہماری زندگیوں میں نبی پاکﷺ کی محبت اور ان کی سنتوں پر عمل کرنا ہے۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے اس موقع پر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ کے متعلق شعور اجاگر کرنے پر گفتگو کی انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نبوت کی دلیل امانت اور صداقت ہے مسلمانوں کو لوگوں سے معاملات میں اخلاقیات کے پہلوؤں پرخصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے جو عظیم کام پروفیسر محمود ایاز کر رہے ہیں اللہ سے دعا ہے کہ اللہ ان کی عمر و عمل میں برکتیں عطا فرمائے اور ان کو مزید ہمت و حوصلہ عطا فرمائے۔
کانفرنس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج اس عظیم دینی اور روحانی محفل میں شرکت کر کے بے حدخوشی ہوئی۔ اپنے زمانہء طالبعلمی میں مولانا عبدالخبیر آزاد کے والد محترم شفقت فرمایا کرتے تھے اور آج مولانا عبدالخبیر آزاد کی دین کے لئے کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا نبی پاکﷺ دونوں جہانوں کے لئے رحمت ہیں ہمیں دین کو اپنی زندگیوں میں شامل کرنا چاہیے ہم سب ایمان، یقین اور کلمے کو اپنی زندگیوں میں اپنا کر دنیا اور آخرت کی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ علماء اکرام اور دین والوں کی صحبت اختار کرنے سے دین سے محبت اور نیک عمال میں استقامت ملتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں چاہیے کہ آج کے دن کی مناسبت سے نبی پاکﷺ کی ذات پاک پر دورد کا معمول بنائیں اور ان کی سنتوں کو اپنا کر اچھے مسلمان ہونےکا ثبوت دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقوق اللہ تو معاف ہو جائیں گے مگر حقوق العباد کا معاملہ انسانوں کا آپس میں ہے لہذا ہمیں ایسے عمال کرنے چاہیں جس سے نہ تو اللہ تعالٰی کی ذات ناراض ہو اور نہ ہی انسان یہ دنیا فانی ہے ہمیں ہر روز اس بات کا تعین کرنا چاہیے کہ ہماری زندگیاں اللہ اور اس کے رسولﷺ کے احکامات کے مطابق گزار رہی ہیں کہ نہیں۔ اللہ سے دعا ہے کہ اللہ ہمیں انسانیت کی خدمت اور نیک اعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔
پرنسپل کالج آف آفتھلمالوجی پروفیسر محمد معین نے معزز مہمانوں کا کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی ایسی محافل کے انعقاد کا اعادہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر فلسطین کے مسلمانوں، اداروں اور ملکی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کروائی گئی۔

Share